اسلام ٹائمز۔ اٹھارہ سال سے خاندانی سیاست کو مسلسل ہدف تنقید بنانے والے عمران خان کی اہلیہ ریحام خان بھی عملی سیاست میں کود پڑیں۔ ریحام خان کہتی ہیں کہ وہ اپنے شوہر کو کبھی یہ مشورہ دینے کا گناہ نہیں کریں گی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی بات مانتے ہوئے اسمبلی میں واپس جائیں۔ ریحام خان کپتان کی ازدواجی زندگی کا حصہ بننے کے بعد ان کی سیاسی ٹیم کا بھی حصہ بن گئیں۔ ریحام خان عملی سیاست کے میدان میں چھلانگ لگاتے ہوئے پہلے مرحلے میں این اے 19 ہری پور میں ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ عامر زمان کی انتخابی مہم چلانے ہری پور پہنچ گئیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ الیکشن لڑنے نہیں بلکہ راجہ عامر زمان کی انتخابی مہم چلانے جا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ اپنے خاوند کو کبھی یہ مشورہ دینے کا گناہ نہیں کریں گی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی بات مانتے ہوئے اسمبلی میں واپس جائیں۔ ریحام خان ہری پور میں انتخابی مہم کے دوران تین جلسوں سے خطاب کریں گی۔