اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم لاہور کے عہداروں کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے حالیہ بیانات انھیں غدار ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں، ہم پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو وعدہ معاف گواہ بننے کو بھی تیار ہیں۔ لاہور پریس کلب میں ایم کیو ایم کے رہنماوں اور سابق ٹکٹ ہولڈرز نے نیوز کانفرس کی، سابق جوائنٹ انچارج ملک مقصود اعوان نےکہا کہ نیٹو اور را کو پاکستان کی سالمیت پر حملے کی دعوت دے کر غداری کی گئی ہے ہم محب وطن ہیں اور اس بھیانک سازش میں شریک نہیں ہو سکتے۔ اس موقع پر سابق جوائنٹ انچارج کرنل ریٹائرڈ آغا جہانگیر نے بھی فورا مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کے مسلسل حالیہ بیانات نے ان کی ملک دشمنی کو بےنقاب کر دیا ہے۔ رہنماوں کا مزید کہنا ہے کہ وہ پاک فوج اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں اگر الطاف حسین کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنے کی ضرورت پڑی تو گریز نہیں کریں گے۔