اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے جنیوا میں منعقدہ تیسویں اجلاس کے چوتھے روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) نے کشمیریوں کی حریت پسندی اور حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل مندوب سلیمان چیک نے او آئی سی کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا اسلامی تعاون تنظیم نے رکن ممالک کے وزراء اور سربراہان کے اتفاق رائے سے مقبوضہ کشمیر کے حق خودارادیت و تحریک آزادی کی حمایت اور بھارت کے غاصبانہ قبضے، ریاستی دہشتگردی کیخلاف قراردادیں منظور کی ہیں لہٰذا اقوام متحدہ کو 57 ممالک کے موقف پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں اپنے معائنہ کار بھیجنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھاتی رہے گی۔ سلیمان چیک نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، عالمی برادری کو اس حوالے سے باخبر رکھنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں چھ رکنی کشمیری وفد نے خصوصی شرکت کی۔