اسلام ٹائمز۔ حج کے دوران مچی بھگدڑ میں بہت بڑی تعداد حاجیوں کے شہید اور زخمی ہوجانے پر جمعتہ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثا سے اظہار تعزیت اور حکومت سعودی عربیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ہے۔ صدر جمعتہ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مسجد الحرام میں 11 ستمبر کو غیر معمولی طوفان کی وجہ سے کرین ٹوٹنے کے نتیجہ میں پیش آئے درد و ناک حادثہ سے ملت اسلامیہ نکل بھی نہیں پائی ہے کہ اس حادثہ نے انہیں شدید رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ تنگ راستے کا حل اس کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا کہ پہاڑوں کو توڑ کر حجاج کرام کے آنے جانے رہنے سہنے میں کشادگی پیدا کردی جائے، انہوں نے کہا کہ ہم اس رنج و غم کی گھڑی میں خادم الحرمین شریفین کے ساتھ شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ اس طرح کے حادثہ کو کبھی رونما نہ فرمائے اور اللہ تعالیٰ شہداء کے پسماندگان کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔