اسلام ٹائمز۔ کانگریس پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کی اس بیان پر تنقید کی ہے جس میں انھوں نے آئرش بچوں کی طرف سنسکرت میں منتر پڑھ کر ان کا استقبال کرنے پر کہا تھا کہ اگر ہندوستان میں کسی تقریب میں سنسکرت منتروں کو پڑھا جاتا تو ان کے ’’سیکولرازم‘‘ پر سوال کھڑے کئے جاتے۔ بھارتی وزیراعظم کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ سیکولرازم پر وزیراعظم کے ٹریک ریکارڈ کے بارے میں ہم سب کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کو اس طرح کا تبصرہ کرنے کے بجائے یہ بتانا چاہیے تھا سنسکرت کو فروغ دینے کے لئے انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت نے کیا قدم اٹھایا ہے۔ بھارت کے وزیراعظم کے تبصرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا کہ نریندر مودی کی یہ عادت بن گئی ہے کہ جب بھی وہ بیرون ملک دورے پر جاتے ہیں تو ہندوستان کا مذاق اڑاتے ہیں۔ میں انھیں بتانا چاہوں گا کہ سیکولر صرف کانگریس ہی نہیں بلکہ ہمارے آئین میں بھی ہے۔