اسلام ٹائمز۔ اقتصادی راہدای منصوبے اور گلگت بلتستان کی آئینی شناخت کے معاملے پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان اور وزراء کے درمیان اختلاف کھل کر سامنے آگیا ہے۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں گلگت بلتستان اراکین اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں تمام جماعتوں کے اراکین نے شرکت کی۔ تمام اراکین نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کی آئینی شناخت اہم معاملہ ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔ دوران اجلاس ہی وزیر ورکس ڈاکٹر محمد اقبال نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان پر واضح کردیا کہ وہ اقتصادی راہدای منصوبے اور گلگت بلتستان کے آئینی حقوق پر حکومت اور نون لیگ کے موقف کے بجائے خطے کے عوام کا ساتھ دیں گے۔ اس حوالے سے کسی غلط فہمی میں نہ رہا جائے، اس پر اجلاس میں موجود تمام اراکین نے بولڈ اسٹینڈ لینے پر ڈاکٹر محمد اقبال کو مبارک باد پیش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان آزاد صوبے کے حق میں نہیں ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے ایشو کو کشمیر کے معاملے کے ساتھ لٹکایا جائے تاہم ان کی جماعت اور کابینہ میں موجود ارکان گلگت بلتستان کی شناخت پر کوئی کمپرمائز کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، اسحاق ڈار اور خصوصی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین اراکین کو بریفنگ دیں گے اور اقتصادی راہداری منصوبے پر اعتماد میں لیں گے۔