اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی اور چودھری محمد سرور سمیت دیگر رہنماؤں کو دھمکیاں دی گئی ہیں جس پر پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ اور سکیورٹی اداروں کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی پارٹی ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے شاہ محمود قریشی، چودھری سرور، میاں محمودالرشید، عبدالعلیم خان، اراکین پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال، ملک تیمور کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما چودھری سرور نے سکیورٹی خدشات کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب اور سکیورٹی اداروں کو خط لکھ دیا جبکہ اس خط کی کاپی وزارت داخلہ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی بی کو بھی ارسال کر دی ہے۔ چودھری سرور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال کے دفتر پر بھی 2 حملے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے موقع پر دھمکیاں ملنا تشویشناک ہیں۔ چودھری محمد سرور نے خط میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران مکمل سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔